حدیث و متعلقات حدیث معارف و حکم

روایت ودرایت فقہاء صحابہ وتابعین کا مشترکہ منہج

روایت و درایت فقہاءِ صحابہ و تابعین کا مشترک منہج

بقلم : مفتی شکیل منصور القاسمی 

دورِ تابعین میں علم کا حصول کسی ایک شہر یا خطے تک محدود نہ تھا، بلکہ اس کے لیے اسفار ایک مستقل علمی روایت کی حیثیت اختیار کر چکے تھے۔ مدینہ، کوفہ، بصرہ اور شام علمی اعتبار سے باہم مربوط مراکز تھے۔ مدینہ کے اکابر صحابہؓ: حضرت زید بن ثابت، حضرت ابن عمر، حضرت ابن عباس، حضرت ابو ہریرہ اور حضرت عائشہؓ سے جس طرح اہلِ مدینہ نے استفادہ کیا، اسی طرح اہلِ عراق کے نامور تابعین جیسے علقمہ، مسروق، اسود اور شعبی نے بھی انہی اساتذہ سے بھرپور فیض پایا۔

ابن حزم اس حقیقت کو یوں بیان کرتے ہیں:

وهكذا صحت الآثار بنقل التابعين من سائر الأمصار عن أهل المدينة وبنقل التابعين من أهل المدينة ومن بعدهم عن أهل الأمصار فقد صحب علقمة ومسروق عمر وعثمان وعائشة أم المؤمنين واختصوا بهم وأكثروا الأخذ عنهم وكذلك صحب عطاء عائشة أم المؤمنين وصحب الشعبي وابن سيرين بن عمر وصحب قتادة بن المسيب وأخذ الزهري عن أنس وأخذ مالك عن أيوب وحميد المكي وأخذ عبيد الله بن عمر عن ثابت البناني وأخذ عبيد الله بن عبد الله بن عتبة عن ابن عباس( الإحكام لابن حزم ٢١٠/٤)

اسی طرح معروف شہروں کے تابعین کا مدینہ والوں سے روایات لینے کے بارے میں صحیح آثار موجودہیں، اور ایسے ہی مدینہ کے تابعین اور تبع تابعین کا دیگر اہل بلاد سے استفادہ کرنے کے بارے میں بھیروایات موجود ہیں۔ یہ بات ثابت ہے کہ (کوفہ کے اکابر تابعین جیسے)علقمہ اور مسروق نے (مدینہ کےاکابر صحابہ )حضرت عمر، حضرت عثمان اور حضرت عائشہ کی صحبت اختیار کی ،ان سے خصوصیتسے استفادہ کیا اور ان سے بہت ساری چیزیں حاصل کیں۔

اس سے واضح  ہے کہ علمی ترسیل ہمہ گیر تھی؛ نہ مدینہ کا منہج صرف مدنی اساتذہ تک محدود تھا اور نہ عراق کا منہج محض عراقی ماحول کا نتیجہ، بلکہ دونوں کے مصادر و اساتذہ مشترک تھے۔ ابن سعد نے “الطبقات الکبریٰ” میں کوفہ، بصرہ اور بغداد کے ان محدثین کا تفصیلی تذکرہ کیا ہے جنہوں نے مدینہ آ کر حضرت عمر، حضرت ابن عباس، حضرت ابو ہریرہ اور حضرت ابن عمر سے حدیث حاصل کی، جلدہشتم اور جلد نہم میں ان تین شہروں کے اکابر محدثین کا تذکرہ ہے جنہوں نے مدینہ میں مقیمصحابہ سے روایات لیں، خصوصاً حضرت عبد اللہ بن مسعود کا کوئی ایسا معروف شاگرد نہیں ہے جسنے حضرت عمر اور دیگر صحابہ سے روایات لینے کے لئے مدینہ کا سفر نہ کیا ہو۔ اس بنا پر اگر عراق میں کسی درجے میں قلتِ حدیث کا دعویٰ بھی کیا جائے تو “رحلة فی طلب الحدیث” نے اس کمی کو باقی نہیں رہنے دیا، بلکہ اہلِ عراق مدینہ اور اپنے علاقوں دونوں کے علمی ذخیرے کے جامع بن گئے۔

ڈاکٹر شرف محمود اپنے ضخیم مقالے “مدرسۃ الحدیث فی الکوفۃ “ میں لکھتے ہیں:

“فقد کانت المدینۃ اھم المراکز العلمیۃ التی ساھمت فی تاسیس المدرسۃ الحدیثیہ فی الکوفۃ”

یعنی مدینہ نے کوفہ کی حدیثی روایت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ( مجلہ الشریعہ ، مقالہ مولانا سمیع اللہ سعدی ) 

یہ تصور بھی درست نہیں کہ مدینہ کے صحابہؓ اجتہاد و قیاس سے گریز کرتے تھے جبکہ عراق میں اس میں توسع تھا۔ کتبِ حدیث صحابہؓ کے فتاویٰ اور اجتہادات سے بھری پڑی ہیں۔ ابن قیم نے جن سات صحابہ کو کثرتِ فتویٰ کے اعتبار سے نمایاں کیا ہے( وكان المكثرون منهم سبعة: عمر بن الخطاب، وعليّ بن أبي طالب، وعبد اللَّه بن مسعود، وعائشة أم المؤمنين، وزيد بن ثابت، وعبد اللَّه بن عَبَّاس، وعبد اللَّه بن عمر. أعلام الموقعين ١٨/٢)

جیسے  حضرت عمر، حضرت علی، حضرت ابن مسعود، حضرت عائشہ، حضرت زید بن ثابت، حضرت ابن عباس اور حضرت ابن عمر—وہ سب اس بات کی دلیل ہیں کہ کثرتِ فتویٰ دراصل کثرتِ اجتہاد کی علامت ہے۔

حضرت ابن عباسؓ کے بارے میں کہا گیا:

“کان ابن عباس من اوسع الصحابۃ فتیا… وقد جمعت فتاواہ فی عشرین سفرا” ——حضرت ابن عباس تمام صحابہ میں سے سب سے زیادہ کثرت سے فتوی دینے والے تھے ،اور یہ بات گزر چکی ہے کہ حضرت ابن عباس کے فتاوی بیس اجزا میں جمع کیے گئے۔ اعلام الموقعین ج۱ ،ص ۲۸)

اور حضرت عمرؓ کے بارے میں:

“لان رای عمر فیما لا نص علیہ… کان کثیرا” (’کیونکہ غیرمنصوص مسائل کے بارے میں حضرت عمر کے اجتہادات کافی زیادہ ہے ۔ محمد ابو زہرہ ،حیاۃ مالک ،دار الفکر العربی ،ص ۱۶۳)

یہ شواہد واضح کرتے ہیں کہ مدینہ کے اکابر صحابہؓ اجتہاد و قیاس میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ حضرت عائشہؓ کا عورتوں کے مسجد جانے کے بارے میں نص کے عموم کو مخصوص کرنا، اور حضرت ابن عباسؓ کا بعض روایات کے فہم میں حضرت ابوہریرہ سے معارضہ کے طور پہ قیاسی انداز اختیار کرنا اور پھر حضرت ابوہریرہ کا ناراض ہوکر ان سے یہ کہنا “ یا ابن اخی اذا سمعت حدیثا عن رسول اللہ صلیاللہ علیہ وسلم فلا تضرب له مثلا” اس حقیقت کے روشن نمونے ہیں کہ حجاز میں بھی تعلیل، قیاس اور اجتہاد پوری قوت کے ساتھ موجود تھا۔

اس ضمن میں صحابہؓ کے احتیاطِ فتویٰ پر مبنی اقوال : 

۱: “من افتی عن کل ما یسال فھو مجنون” ( جامع بيان العلم: “١/ ١٧٧، ٢/ ١٦٥) ، 

۲: لقد ادرکت فی ھذا المسجد عشرین و ماءۃ من الانصار۔ ۔۔۔ و لا یسئل عن فتیاہ الا ود ان اخاہ کفاہالفتیا”( أخرجه ابن سعد في الطبقات الكبرى: ٦/ ١١٠، والدارمي في السنن: ١/ ٥٣، وابن عبد البر في جامع بيان العلم: ١/ ١٧٧ وعزاه للبراء) 

۳: سُئِلَ عَبْدُ اللَّهِ عَنْ شَيْءٍ فَقَالَ: إِنِّي لَأَكْرَهُ أَنْ أُحِلَّ لَكَ شَيْئًا حَرَّمَهُ اللَّهُ عَلَيْكَ، أَوْ أُحَرِّمَ مَا أَحَلَّهُ اللَّهُ لَكَ( مسند الدارمي ١٤٨)

کو اجتہاد سے اجتناب پر محمول کرنا بھی درست نہیں ہے ؛ حضرت ابن مسعودؓ کا قول:

“من افتی عن کل ما یسال فھو مجنون”

اور ابن ابی لیلیٰ کا یہ بیان کہ صحابہؓ فتویٰ ایک دوسرے پر ڈال دیتے تھے، اس بات کی دلیل ہے کہ یہ احتیاط ذمہ داری کے احساس کا نتیجہ تھی، نہ کہ اجتہاد کے انکار کا۔

تابعین کے دور میں بھی روایت ودرایت کی جامعیت کا یہی مشترکہ منہج جاری رہا۔ حضرت سعید بن المسیب کثرتِ فتویٰ کی بنا پر “الجریء” کہلاتے تھے:

“وکان سعید بن المسیب واسع الفتیا… وکانوا یدعونہ الجریء” ( اعلام الموقعین ،ج ۱ ص ۲۸ ) 

اسی طرح ربیعہ بن عبد الرحمن کو ان کی اجتہادی بصیرت کے باعث “ربیعۃ الرای” کہا جاتا تھا ( تذکرۃ الحفاظ ،بیروت ،دارلکتب العلمیہ ، ۱۴۱۹ ھ،ج۱ ،ص۱۱۸)۔

مدینہ کے فقہائے سبعہ: عروہ بن زبیر، سعید بن مسیب، قاسم بن محمد، خارجہ بن زید، عبید اللہ بن عبد اللہ، ابو بکر بن عبد الرحمن اور سلیمان بن یسار اجتماعی اجتہاد کے روشن نمونے تھے۔ 

عبد اللہ بن مبارک فرماتے ہیں: “کان فقھاء اہل المدینۃ… سبعۃ” 

ان کے طریقِ کار ومنہج اجتہاد کے بارے میں فرماتے ہیں :

“وکانوا اذا جاء تھم المسالۃ دخلوا فیھا جمیعا…” 

( تہذیب الکمال فی اسماء الرجال ، بیروت ،موسسۃ الرسالۃ، ۱۴۰۸، ھ،ج ۱۰، ص ۱۵۰)

جب ان کے پاس مسئلہ آتا،سب اس مسئلے کے بارے میں اکٹھے بیٹھ کر اس میں غور وفکر کرتے۔

یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مدینہ میں اجتہاد ایک منظم اور اجتماعی علمی عمل تھا۔

دوسری طرف عراق میں حدیث کی قلت کا دعویٰ بھی تاریخی شواہد کے سامنے ٹھہر نہیں پاتا۔ کوفہ میں ہزاروں صحابہؓ کی سکونت، تابعین کی بڑی تعداد، اور محدثین کی کثرت اس بات کی واضح دلیل ہے کہ وہاں حدیث کا ذخیرہ وافر تھا۔ امام بخاری کا قول:

دخلت إلى الشام ومصر والجزيرة مرتين، وإلى البصرة أربع مرات وأقمت بالحجاز ستة أعوام، ولا أحصي كم دخلت إلى الكوفة وبغداد مع المحدثين

(میں طلب حدیث کے لئے شام ،مصر اور جزیرہ میں دو مرتبہ گیا ،بصرہ کا چار مرتبہ چکر لگایا ،جبکہحجاز میں چھ سال مقیم رہا ،لیکن میں شمار نہیں کر سکتا کہ محدثین کے ساتھ کتنی بار بغداد اورکوفہ گیا۔‘ سير أعلام النبلاء (١٢/ ٤٠٧)، وهدي الساري مقدمة فتح الباري (١/ ٤٧٨)

“ولا أحصي كم دخلت إلى الكوفة وبغداد مع المحدثين”

عراق کی علمی مرکزیت کو ظاہر کرتا ہے۔ 

قافلہ محدثین کے اس عظیم سالار کے اس فرمان سے کوفہ و بغدا د کی حدیث کے حوالے سے شہرتاور اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔نیز “مع المحدثین” کا لفظ بتا رہا ہے کہ بغداد و کوفہ کی علمیدرسگاہوں سے کسب فیض میں امام بخاری اکیلے نہیں تھے، بلکہ اطراف عالم کے محدثین کے قافلے درقافلے ان علمی مراکز سے علم کی پیاس بجھانے کے لئے بار بار چکر لگاتے رہے۔

امام ابو داؤد کے صاحبزادے عبد اللہ بن سلیمان بن الاشعث فرماتے ہیں: 

سمعت أبا بَكْر بن أبي داود يقول: دخلت الكُوْفة، ومعي درهم واحد، فاشتريت به ثلاثين مدًا باقلاء، فكنت آكل منه كل يوم مُدًّا، وأكتب عن أبي سَعِيْد الأشج ألف حديث، فلما كان الشهر حصَّل معي ثلاثين ألف حديث”.(بلوغ الأماني ٥٩٩/١)

۔۔۔۔۔میں کوفہ گیا اور ہر روز ابو سعید اشج سے ایک ہزار حدیثیں پڑھ کر لکھتا تھا ،اس کا نتیجہ یہ ہواکہ مہینے کے آخر میں میرے پاس تیس ہزار احادیث کا مجموعہ تیار ہوگیا۔

اما م ابوداؤد کے باکمال صاحبزادے کے اس قول سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جب صرف ایک محدثکے پاس روایات کی کثرت اتنی تھی کہ ایک مہینے میں ان سے تیس پزار احادیث حاصل کیں ،تو عراق کےبقیہ حفاظ حدیث کی حدیث دانی کا کیا عالم ہوگا؟۔

امام انس بن سیرین کوفہ میں حدیث کی کثرت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

عَنْ أَنَسِ بْنِ سِيرِينَ قَالَ: أَتَيْتُ الْكُوفَةَ فَرَأَيْتُ فِيهَا أَرْبَعَةَ آلَافٍ يَطْلُبُونَ الْحَدِيثَ، وَأَرْبَعَمِائَةٍ قَدْ فَقِهُوا»( المحدث الفاصل للرامهرمزي ص ٥٦٠) 

میں کوفہ آیا تو دیکھا کہ چار ہزار طالبان حدیث علم حدیث کی تحصیل میں مصروف تھے اور چار سومکمل فقیہ بن چکے تھے۔

اسی طرح معروف محدث عفان بن مسلم فرماتے ہیں: سَمِعْتُ عَفَّانَ يَقُولُ وَسَمِعَ قَوْمًا يَقُولُونَ: نَسَخْنَا كُتُبَ فُلَانٍ، وَنَسَخْنَا كُتُبَ فُلَانٍ، فَسَمِعْتُهُ يَقُولُ:«تَرَى هَذَا الضَّرْبَ مِنَ النَّاسِ لَا يُفْلِحُونَ، كُنَّا نَأْتِي هَذَا فَنَسْمَعُ مِنْهُ مَا لَيْسَ عِنْدَ هَذَا، وَنَسْمَعُ مِنْ هَذَا مَا لَيْسَ عِنْدَ هَذَا، فَقَدِمْنَا الْكُوفَةَ، فَأَقَمْنَا أَرْبَعَةَ أَشْهُرٍ، وَلَوْ أَرَدْنَا أَنْ نَكْتُبَ مِائَةَ أَلْفِ حَدِيثٍ لَكَتَبْنَا بِهَا، فَمَا كَتَبْنَا إِلَّا قَدْرَ خَمْسِينَ أَلْفِ حَدِيثٍ، وَمَا رَضِينَا مِنْ أَحَدٍ بِالْإِمْلَاءِ إِلَّا شَرِيكًا فَإِنَّهُ أَبَى عَلَيْنَا، وَمَا رَأَيْنَا بِالْكُوفَةِ لَحْنًا مَجُوزًا ( المحدث الفاصل للرامهرمزي ص ٥٥٩) 

 ۔۔۔۔ ہم کوفہ آئے ،اور وہاں چار مہینے قیام کیا ،اگر ہم چاہتے تو اس مدت میں ایک لاکھ احادیث لکھسکتے تھے ،لیکن ہم نے اس عرصے میں پچاس ہزار روایات لکھیں۔

اگر عراق کے صرف ایک خطے میں چار ماہ کی قلیل مدت میں طالبان حدیث ایک لاکھ تک روایات جمعکر سکتے تھے تو بقیہ خطوں کو ملا نے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ روایات و احادیث کی کثرت کا کیاعالم ہوگا؟

ڈاکٹرشرف محمود محمد سلمان لکھتے ہیں:

نزل الكوفة عدد کبیر جدا من الصحابة، فقد کان جیش سعد بن ابی وقاص اربعین الفا ،و ھم الذین سکنو الكوفة اول ما اسست،و لا شک ان آلافا من ھولاء من الصحابة (کوفہ میں بہت بڑی تعداد میں صحابہ اقامت اختیار کی ،کوفہ کی تاسیس کے وقت حضرت سعد بن ابی وقاص کے جس لشکر نے سب سے پہلے یہاں سکونت اختیار کی تھی ،اس لشکر کی تعداد چالیس ہزار تھی،بلا شبہ اس لشکر میں صحابہ ہزاروں کی تعداد میں تھے) 

اسی لیے شيخ مصطفی الزرقاء لکھتے ہیں:

“وهذه الحقيقة تتنافى مع ظن قلة الحديث في العراق”یہ حقیقت ( عراق میں صحابہ کی کثرت)  عراقمیں قلت حدیث کے دعوی کے منافی ہے) 

( مجلہ الشریعہ ، مقالہ مولانا سمیع اللہ سعدی ) 

ان تمام شواہد کی روشنی میں یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ نہ مکتبِ عراق میں حدیث کی کمی تھی اور نہ مکتبِ حجاز میں اجتہاد کی قلت۔ دونوں مراکز میں روایت بھی تھی اور درایت ورائے بھی؛ فرق صرف ترجیح اور اسلوب کا تھا۔

لہذا یہ دعویٰ کمزور ثابت ہوتا ہے کہ صرف مکتبہ عراق یعنی احناف اہلِ رائے ہیں اور باقی مذاہب اہلِ حدیث۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر مکتب میں نصوص کا احترام بھی ہے اور اجتہاد کی گنجائش بھی۔ اہلِ حدیث کی اصطلاح ابتدا میں ایک علمی وصف تھی، جو محدثین کے کردار، روایت اور نصوص کے ساتھ وابستگی کو ظاہر کرتا تھا۔ ابتدائی دور کے محدثین میں وہ علماء بھی شامل تھے جو کسی بھی فقہی مکتب سے تعلق رکھتے تھے، لیکن علمی سرگرمی اور روایت پر زور رکھتے تھے نہ کہ ایک مستقل فقہی مسلک۔ بعد کے ادوار میں یہ ایک مسلکی شناخت کے طور پر ابھری، مگر اسے ابتدائی دور پر منطبق کرنا درست نہیں۔

چنانچہ ڈاکٹر محمد الدسوقی لکھتے ہیں:

“وقد وجد فی کل من المدرستین من ھاب الفتیا… ووجد فی کلتیھما من جرء علی الفتیا و استخدم عقلہ فی التخریج و القیاس”

خلاصہ یہ کہ اہلِ رائے اور اہلِ حدیث کی تقسیم کوئی قطعی اور جامد حقیقت نہیں بلکہ علمی مناہج کی تعبیر ہے۔ حقیقت میں روایت اور رائے ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل ہیں، اور یہی امتزاج فقہِ اسلامی کی اصل روح اور اس کی دائمی قوت ہے۔