جن دھوکہ بازوں نے فاشسٹ وفسطائی حکمرانوں کی حمایت کی ، انہیں سپورٹ کیا ، ملک کے جمہوری آئین واقدار کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں ان کے دست وبازو بنے رہے ، ایسے موقع پرستوں سے حساب چکانے کا یہ سنہرا موقع ہے ، تحریک شاہین باغ پہ جام شہادت نوش کرنے والے اور سلاخوں کے پیچھے روح فرسا آ لام و مصائب اور تعذیب وتکلیف برداشت کرنے والے وفادار سورمائوں کا ہم پر قرض ہے کہ ہم اس موقع پر ایسی پارٹیوں کا احتساب کریں ، انہیں سبق سکھائیں ،
اس بار ایسی پارٹی اور ایسے امیدوار کو اپنا نمائندہ منتخب کریں جو اپنی سابقہ کار کردگیوں کے آئینے میں آپ کے علاقہ کے فلاح و بہبود ، تعمیر وترقی ، مذہبی ہم آہنگی ، خوش حالی وامن وسکون کے لئے سر توڑ عملی اقدامات کرسکے ۔ کسی بھی خارجی دبائو وپریشر میں آئے بغیر ، اپنے دل کی آواز پر ، ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر سچے اور اچھے کردار و نظریات کے حامل امیدوار کو چنیں !
یہ نہ بھولیں کہ اپنے ضمیر کی آواز کے برخلاف کسی کے کہنے یا سبز باغ دکھانے کے چکر میں آکر آپ نے کسی کو ووٹ دے دیا ، تو آپ ووٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے “خیانت “کے مرتکب ہونگے۔
شکیل منصور القاسمی