حیاتِ مستعار کی رعنائیوں کو برقرار رکھنے کے لئے دل کی دھڑکنوں کا اعتدال میں رہنا ناگزیر ہے، جس کے لئے متوازن اور سادہ غذا کو اپنا شعار بنانا پہلی شرط ہے، قدرت کے عطا کردہ تازہ پھلوں اور ہری سبزیوں سے ناطہ جوڑیں؛ کہ یہ دل کے چمن کو سرسبز و شاداب رکھنے کا بہترین نسخہ ہیں، رگوں میں خون کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے “تن آسانی” کو الوداع کہئے اور” جاں فشانی “ کو معمول بنائیے، روزانہ صحنِ چمن یا سڑک کنارے تیز قدموں کی چال کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیے۔
ہمارے دور کا المیہ یہ ہے کہ انسان نے پیٹ کو کوئی مقبرہ یا گودام سمجھ رکھا ہے، جہاں بسیار خوری کے شوق میں مرغن غذائیں اور تندوری کڑھائی گوشت یوں ٹھونسے جاتے ہیں جیسے کل دنیا سے گوشت کا قحط پڑنے والا ہو! چکنائی سے لت پت یہ شاہکار دل کی شریانوں میں محبت کی جگہ کولیسٹرول کی ایسی دیواریں کھڑی کرتے ہیں کہ انسان سیدھا ہسپتال کے آئی سی یو (ICU) میں جا کر ہی دم لیتا ہے۔
ارد گرد تمباکو کے “زہر آلود” دھوئیں سے اپنے سانسوں کو پاک رکھیں، کیونکہ یہ خاموش قاتل دل کے شیشے کو اندر ہی اندر چٹخا دیتا ہے۔
اور ہاں ! ذہنی تناؤ، پریشانیوں اور تفکرات کے بوجھ کو دل پر سوار کرنے کے بجائے مسکراہٹوں اور قناعت کی چادر اوڑھ لیں؛ تاکہ یہ نازک آبگینہ ٹوٹنے سے محفوظ رہے۔ اس دنیا میں سب سے مشکل کام ، زندگی کو “ ہنسی خوشی “ کاٹ دینا ہے، یہاں اس سے سہل کام کوئی نہیں کہ مرجائیے! ملنے جلنے کا انداز بہتر بنائیے ، طبعیت ومزاج میں چر چڑا پن، غصہ کی کیفیت اور ہمہ وقت “عبوساً قمطریراً” بنے رہنے کی لت ختم کیجئے ! جہانِ زندگی کی ساری رونقیں آپ کی مسکراہٹوں اور جلوہ طرازیوں کے دم سے ہیں ، آئینہ قلب کو مصنوعی ہموم وغموم سے غبار آلود نہ ہونے دیں ، رنج وغم کے بوجھ سے ذہن ودماغ ہلکا رکھیں ، مدارس ومساجد کا سارا نظام آپ کے بعد بھی رواں دواں رہے گا ، ان کی بزم نشاط گلہاے رنگ رنگ سے دمکتی ومہکتی رہے گی ، کوئی مناسب حال ترتیب بناکر آپ شب کی تاریکی میں سات سے آٹھ گھنٹوں کی پرسکون نیند لازمی سوئیں کہ یہ دل کے لئے کسی شفا بخش مرہم سے کم نہیں ہے۔ اپنے خون کے دباؤ اور شوگر کی باقاعدگی سے نگرانی کرتے رہیں، کیونکہ بروقت خبرداری ہی عمرِ دراز اور صحتِ کامل کی ضامن ہے۔صحت آپ کی اپنی ہے ، اس کا خیال رکھیے ، صحت ہے تو آپ مدرس بھی ہیں اور ملازم بھی ؛ ورنہ کب کے آپ آرام پہ بھیج دیئے جائیں گے ، زمانہ بہت نازک ہے ، قوائے انسانی بالکل کمزور ہوچکے ہیں ،نت نئی قاتل بیماریاں پیدا ہوچکی ہیں ، حفظان صحت کو لازم پکڑیئے ! بالخصوص قلب کی نگرانی لازمی کیجئے ، امراض جسمانی سے بھی اور کثائف بیمی سے بھی ! آج کل دل کا عارضہ عام ہورہا ہے، اس شیشہ دل کی بطور خاص حفاظت کیجئے ، جو مل جائے اس پر صبر وتسلیم اور شکر وتحمید کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی کاٹ لیجئے :
شاعر کی نوا ہو کہ مغنّی کا نفس ہو
جس سے چمن افسردہ ہو وہ باد سحر کیا ؟
شکیل منصور القاسمی
مرکز البحوث الإسلامية العالمي
(جمعہ 18؍ جمادی الاولی 1448ھ 30؍ اکتوبر 2026ء)