آج ایک اور عالمِ ربانی، مشہور عربی ادیب، نامور مؤلف اور مدیر دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ، حضرت مولانا سعید الرحمن صاحب اعظمی بھی اس دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔ اللہ تعالیٰ حضرت کو غریقِ رحمت فرمائے، درجات بلند کرے، خلد بریں کا مکیں بنائے ، حضرت ایک نہایت کامل، جامع اور ہمہ جہت علمی وادبی شفیق ومہرباں شخصیت تھے؛ ان کی وفات اہلِ علم و ادب کے لیے بہت بڑا علمی خسارہ ہے۔
حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمیؒ کی وفات بھی اسی سلسلۂ رحیل کی ایک اور کڑی ہے۔ اہلِ علم وفضل و اصلاح کی پے در پے رحلت سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ علم و فضل کی گراں بہا لڑی ایک ایک کرکے بکھرتی جا رہی اور بیش بہا موتیوں سے محروم ہوتی جارہی ہے، ابھی ایک بزرگ کی جدائی کا زخم مندمل نہیں ہوتا کہ دوسرے عالمِ ربانی کے انتقال کی خبر دلوں کو سوگوار کر دیتی ہے۔عالِم کی رحلت ،ایک فرد کا اٹھ جانا نہیں، بلکہ ایک “چراغِ ہدایت” کا بجھ جانا اور امت کے علمی حصار میں ایک بڑی دراڑ پڑ جانا ہے۔
سلفِ صالحین نے اس حقیقت کو بہت پہلے محسوس کرلیا تھا؛ اسی لئے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے تنبیہ فرمائی ہے کہ علم کو اس کے اٹھ جانے سے پہلے حاصل کرلو، اور قرب قیامت علم کے اٹھ جانے کا مطلب اہلِ علم کا دنیا سے رخصت ہوجانا ہے(عَلَيْكُمْ بِالْعِلْمِ قَبْلَ أَنْ يُقْبَضَ ، وَقَبْضُهُ ذَهَابُ أَهْلِهِ )۔
حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ نے بھی اہلِ علم کے اٹھتے جانے اور جاہلوں کے علم حاصل نہ کرنے پر افسوس کرتے ہوئے درد بھرے انداز میں پکارا ہے کہ علماء کے رخصت ہونے سے پہلے ان سے علم حاصل کرلو(مَا لِي أَرَى عُلَمَاءَكُمْ يَذْهَبُونَ ، وَجُهَّالَكُمْ لَا يَتَعَلَّمُونَ ؟ تَعَلَّمُوا قَبْلَ أَنْ يُرْفَعَ الْعِلْمُ ، فَإِنَّ رَفْعَ الْعِلْمِ ذَهَابُ الْعُلَمَاءِ)۔
آج یہ آواز ہمارے لیے بھی پیغامِ عبرت ہے، علماء کرام وارثین انبیاء ہیں؛ ان کی صحبت غنیمت، ان کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کرنا سعادت، اور ان کے علوم و معارف سے فیض یاب ہونا بڑی دولت ہے، جو اہلِ علم آج ہمارے درمیان موجود ہیں، ان کی قدر کرلیجیے، ان کی مجالس آباد کیجیے، ان کے افادات محفوظ کیجیے اور ان کی صحبت سے بھرپور استفادہ کر لیجیے۔
ان کے رخصت ہونے کا انتظار نہ کیجیے کہ پھر ان کے تذکروں پر آنسو بہائیں؛ جو چراغ آج روشن ہیں، انہی سے اپنے دامنِ زندگی کو منور کرلیجیے۔ ورنہ کل صرف حسرت رہ جائے گی کہ علم کے یہ آفتاب ہمارے سامنے تھے، مگر ہم نے ان کی روشنی سے فائدہ نہ اٹھایا۔
شکیل منصور القاسمی
مركز البحوث الإسلامية العالمي
(بدھ 24؍ ربیع الثانی 1448ھ 7؍ اکتوبر 2026ء)